ذیشان خان

Administrator
با برکت بنیں، بے برکت نہیں

✍ حافظ محمد طاھر

بسم الله والحمد لله و الصلاة والسلام على رسول الله أما بعد :

با برکت لوگ وہ ہوتے ہے جو جہاں بھی ہوں، جس حال میں بھی ہوں، لوگوں کے دین و دنیا کے لیے نفع بخش اور خیر و بھلائی کا باعث ہوں، سیدنا عیسی علیہ السلام نے اللہ تعالٰی کی نعمتوں میں منصبِ نبوت کے بعد اپنے مبارک بنائے جانے کا تذکرہ کیا تھا :
وجعلني نبیا وجعلني مباركا أينما كنت.
"اللہ نے مجھے نبی بنایا اور میں جہاں بھی ہوں مجھے بہت برکت والا بنایا." (سورة مريم : ٣١)
حافظ ابن قیم الجوزیہ رحمہ اللہ (٧٥١ھ) اس آیت کی تفسیر میں فرماتے ہیں :
"یعنی اللہ نے مجھے خیر کی تعلیم دینے والا، اپنی کی طرف بلانے اور اس کی یاد دلانے والا، اور اس کی اطاعت کی ترغیب دینے والا بنایا ہے، یہی آدمی کی برکت ہے اور جس میں یہ صفتیں نہ ہو وہ برکت سے خالی ہوتا ہے اور اس سے ملاقات ومجلس بے برکت ہو جاتی ہے." (رسالته إلى أحد إخوانه : ٥)
نیز فرماتے ہیں :
"آدمی کی برکت یہ ہے کہ وہ جہاں جائے خیر و بھلائی سکھائے، جسے بھی ملے خیر خواہی کرے."
(أيضا : ٥)
اسی طرح امام حسن بصری رحمہ اللہ بچے کی پیدائش پر ان الفاظ سے مبارک باد دینے کا کہتے :
جعله الله مباركا عليك وعلى أمة محمد صلى الله عليه وسلم.
"اللہ تعالٰی اسے تمہارے لیے اور امتِ محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے مبارک بنا دے."
(الدعاء للطبراني : ٩٤٥ بسند حسن)
امام ایوب سختیانی رحمہ اللہ کو جب کوئی اپنے نومولود کی مبارک دیتا تو فرماتے :
جعله الله مباركا عليك وعلى أمة محمد صلى الله عليه وسلم
"اللہ تعالی اسے آپ کے لیے اور امت محمد صلی اللہ علیہ و سلم کے لیے بابرکت بنائے."
(الدعاء للطبراني : ٩٣٦)
کتنے ہی لوگ علم و معلومات کا خزانہ رکھنے کے باوجود با برکت نہیں ہوتے ، ان سے کسی کو کوئی فائدہ نہیں پہنچتا، جبکہ کتنے ہی کم علم و محدود معلومات والے بیسویں لوگوں کی ہدایت و اصلاح کا باعث بن جاتے ہیں.
ہمیں اپنے آپ پر نظر کی ضرورت ہے کہ ہم اس وقت جس بھی مقام پر ہیں کیا لوگوں میں خیر پھیلانے کا ذریعہ ہیں یا بے فائدہ و عبث زندگی گزار رہے ہیں؟ اور اگر خیر کی بجائے شر و فتنہ و فساد پھیلانے میں مصروف ہیں تو صورتِ حال، نہایت تشویشناک ہے.
علامہ ابن القیم رحمہ اللہ فرماتے ہیں :
"مومن جہاں بھی ٹھہرے وہ بابرکت ہی ہوتا ہے اور فاجر جہاں بھی چلا نحوست بھی ساتھ لیے ہوتا ہے."
(الوابل الصيب : ٧٣)

اللهم اجعلنا مباركا إين ما كنا وجعلنا هداة مهتدين...
 
Top