ذیشان خان

Administrator
بسم الله الرحمن الرحيم وبه نستعين
اللہ محبت کرتا ہے، قرآنی آیات کی روشنی میں
ازقلم: عبیداللہ بن شفیق الرحمٰن اعظمیؔ محمدیؔ مہسلہ​

اللہ کی ایک صفت ہے صفتِ محبت، یعنی اللہ تعالیٰ اپنے نیک بندوں سے محبت کرتا ہے جیسا کہ اس کی شایان شان ہے، سوال یہ ہے کہ اللہ کن کن لوگوں سے محبت کرتا ہے؟ تو ایسے لوگوں کی لمبی فہرست ہے لیکن ہم اختصار کے ساتھ قرآنی آیات کی روشنی میں کچھ مثالیں پیش کرنا چاہتے ہیں جو درج ذیل ہیں-
اول) رسول کی پیروی کرنے والے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ کہتا ہے: "قُلْ اِنْ كُنْتُـمْ تُحِبُّوْنَ اللّـٰهَ فَاتَّبِعُوْنِىْ يُحْبِبْكُمُ اللّـٰهُ وَيَغْفِرْ لَكُمْ ذُنُـوْبَكُمْ وَاللّـٰهُ غَفُوْرٌ رَّحِـيْـمٌ" (آل عمران:31) اے نبی آپ کہہ دیجیے اگر تم اللہ سے محبت کرتے ہو تو میری پیروی کرو، اللہ تم سے محبت کرے گا اور تمہارے گناہوں کو بخش دے گا، اور اللہ بخشنے والا مہربان ہے-
دوم) اللہ کا تقوی اختیار کرنے والے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ کہتا ہے: "بَلٰى مَنْ اَوْفٰى بِعَهْدِهٖ وَاتَّقٰى فَاِنَّ اللّـٰهَ يُحِبُّ الْمُتَّقِيْنَ" (آل عمران:76) کیوں نہیں! جس شخص نے اپنا عہد پورا کیا اور اللہ سے ڈرا تو بےشک اللہ پرہیزگاروں سے محبت کرتا ہے-
دوسری جگہ فرمایا: "اِنَّ اللّـٰهَ يُحِبُّ الْمُتَّقِيْنَ" (التوبة:7) بےشک اللہ متقیوں سے محبت کرتا ہے-
سوم) توبہ کرنے والے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ کہتا ہے: "اِنَّ اللّـٰهَ يُحِبُّ التَّوَّابِيْنَ" (البقرة:222) بے شک اللہ توبہ کرنے والوں سے محبت کرتا ہے-
چہارم) پاکی صفائی اختیار کرنے والے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ کہتا ہے: "وَاللّـٰهُ يُحِبُّ الْمُطَّهِّرِيْنَ" (التوبة:108) اور اللہ پاک صاف رہنے والوں سے محبت کرتا ہے-
پنجم) صبر کرنے والے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ کہتا ہے: "وَاللَّهُ يُحِبُّ الصَّابِرِينَ" (آل عمران:146) اور اللہ صبر کرنے والوں سے محبت کرتا ہے-
ششم) اللہ کی راہ میں جہاد کرنے والے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ کہتا ہے: "اِنَّ اللّـٰهَ يُحِبُّ الَّـذِيْنَ يُقَاتِلُوْنَ فِىْ سَبِيْلِـهٖ صَفًّا كَاَنَّـهُـمْ بُنْيَانٌ مَّرْصُوْصٌ" (الصف:4) بےشک اللہ تو ان لوگوں سے محبت کرتا ہے جو اس کی راہ میں صف باندھ کر لڑتے ہیں گویا کہ وہ سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہیں-
ہفتم) انصاف کرنے والے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ کہتا ہے: "وَاِنْ حَكَمْتَ فَاحْكُمْ بَيْنَـهُـمْ بِالْقِسْطِ اِنَّ اللّـٰهَ يُحِبُّ الْمُقْسِطِيْنَ" (المائدۃ:42) اور اگر تم فیصلہ کرو تو ان میں انصاف سے فیصلہ کرو، بےشک اللہ انصاف کرنے والوں سے محبت کرتا ہے-
ہشتم) اللہ پر بھروسہ کرنے والے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ کہتا ہے: "فَاِذَا عَزَمْتَ فَتَوَكَّلْ عَلَى اللّـٰهِ اِنَّ اللّـٰهَ يُحِبُّ الْمُتَوَكِّلِيْنَ" (آل عمران:159) پھر جب تم اس کام کا ارادہ کر چکو تو اللہ پر بھروسہ کرو، بےشک اللہ توکل کرنے والے لوگوں سے محبت کرتا ہے-
نہم) احسان کرنے والے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ کہتا ہے: "وَاَنْفِقُوْا فِىْ سَبِيْلِ اللّـٰهِ وَلَا تُلْقُوْا بِاَيْدِيْكُمْ اِلَى التَّهْلُكَةِ وَاَحْسِنُـوْا اِنَّ اللّـٰهَ يُحِبُّ الْمُحْسِنِيْنَ" (البقرۃ:195) اور اللہ کی راہ میں خرچ کرو اور اپنے آپ کو اپنے ہاتھوں ہلاکت میں نہ ڈالو، اور احسان کرو، بے شک اللہ احسان کرنے والوں سے محبت کرتا ہے-
اللہ تعالیٰ ہم سبھوں کو معاف فرمائے اور عمل صالح کی توفیق عطا فرمائے آمین-
══════════ ❁✿❁ ══════════
 
Top