ذیشان خان

Administrator
بسم الله الرحمن الرحيم وبه نستعين
ظالم کون؟ قرآن آیات کی روشنی میں
ازقلم: عبیداللہ بن شفیق الرحمٰن اعظمیؔ محمدیؔ مہسلہ​

ظالم کون ہے؟ اکثر لوگ یہی سمجھتے ہیں کہ جو دوسروں پر ظلم ڈھائے، مال لوٹے، قتل کرے، خون خرابہ کرے، فساد مچائے وہی ظالم ہے-
قارئین کرام! ظالم کی کئی قسمیں ہیں اور اس کی بہت ساری حالتیں ہیں، آئیے قرآنی آیات کی روشنی میں ظالم کو پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں-
1) اللہ کی حدوں کو پامال کرنے والے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: "تِلْكَ حُدُوْدُ اللّـٰهِ فَلَا تَعْتَدُوْهَا وَمَنْ يَّتَعَدَّ حُدُوْدَ اللّـٰهِ فَاُولٰٓئِكَ هُـمُ الظَّالِمُوْنَ" (البقرة:229) یہ اللہ کی حدیں ہیں سو ان سے تجاوز نہ کرو، اور جو اللہ کی حدوں سے تجاوز کرے گا تو وہی ظالم ہے-
2) کفر کرنے والے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: "يَآ اَيُّـهَا الَّـذِيْنَ اٰمَنُـوٓا اَنْفِقُوْا مِمَّا رَزَقْنَاكُمْ مِّنْ قَبْلِ اَنْ يَّاْتِـىَ يَوْمٌ لَّا بَيْـعٌ فِيْهِ وَلَا خُلَّـةٌ وَّّلَا شَفَاعَةٌ وَالْكَافِرُوْنَ هُـمُ الظَّالِمُوْنَ" (البقرة:254) اے ایمان والو! جو ہم نے تمہیں رزق دیا ہے اس میں سے خرچ کرو اس دن کے آنے سے پہلے جس میں نہ کوئی خرید وفروخت ہوگی اور نہ کوئی دوستی اور نہ کوئی سفارش، اور کافر لوگ ہی ظالم ہیں-
3) اللہ پر جھوٹ باندھنے والے، اللہ پر الزام گڑھنے والے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: "فَمَنِ افْتَـرٰى عَلَى اللّـٰهِ الْكَذِبَ مِنْ بَعْدِ ذٰلِكَ فَاُولٰٓئِكَ هُـمُ الظَّالِمُوْنَ" (آل عمران:94) جس نے اس کے بعد اللہ پر جھوٹ باندھا تو وہی ظالم ہے-
4) اللہ کے قانون کے مطابق فیصلہ نہ کرنے والے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: "وَمَن لَّمْ يَحْكُم بِمَا أَنزَلَ اللَّهُ فَأُولَٰئِكَ هُمُ الظَّالِمُونَ" (المائدۃ:45) اور جو اللہ کے نازل فرمائے ہوئے احکام کے مطابق فیصلہ نہ کرے تو ایسے ہی لوگ ظالم ہیں-
5) اللہ کے گھروں سے روکنے والے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: "وَمَنْ اَظْلَمُ مِمَّنْ مَّنَعَ مَسَاجِدَ اللّـٰهِ اَنْ يُّذْكَـرَ فِيْـهَا اسْمُهٝ وَسَعٰى فِىْ خَرَابِـهَا" (البقرۃ:114) اور اس سے بڑھ کر کون ظالم ہوگا جو اللہ کی مسجدوں میں اس کا نام لینے سے روکتا ہو اور ان کو ویران کرنے کی کوشش کرتا ہو-
6) اللہ کی آیتوں کو جھٹلانے والے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: "وَمَنْ اَظْلَمُ مِمَّنِ افْتَـرٰى عَلَى اللّـٰهِ كَذِبًا اَوْ كَذَّبَ بِاٰيَاتِهٖ اِنَّهٝ لَا يُفْلِحُ الظَّالِمُوْنَ" (الأنعام:21) اور اس سے بڑھ کر ظالم کون ہوگا جو اللہ پر بہتان باندھے یا اس کی آیتوں کو جھٹلائے، بے شک ظالم کامیاب نہیں ہوں گے-
7) اہل کفر سے دلی دوستی کرنے والے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: "يَآ اَيُّـهَا الَّـذِيْنَ اٰمَنُـوْا لَا تَتَّخِذُوٓا آبَاءَكُمْ وَاِخْوَانَكُمْ اَوْلِيَآءَ اِنِ اسْتَحَبُّوا الْكُفْرَ عَلَى الْاِيْمَانِ ۚ وَمَنْ يَّتَوَلَّـهُـمْ مِّنْكُمْ فَاُولٰٓئِكَ هُـمُ الظَّالِمُوْنَ" (توبة:23) اے ایمان والو! اپنے باپوں اور بھائیوں سے دوستی نہ رکھو اگر وہ ایمان پر کفر کو پسند کریں، اور تم میں سے جو ان سے دوستی رکھے گا سو وہی لوگ ظالم ہیں-
8) ایمان میں شک کرنے والے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: "اَفِىْ قُلُوْبِـهِـمْ مَّرَضٌ اَمِ ارْتَابُـوٓا اَمْ يَخَافُوْنَ اَنْ يَّحِيْفَ اللّـٰهُ عَلَيْـهِـمْ وَرَسُوْلُـهُ بَلْ اُولٰٓئِكَ هُـمُ الظَّالِمُوْنَ" (النور:50) کیا ان کے دلوں میں بیماری ہے یا شک میں پڑے ہیں یا ڈرتے ہیں اس سے کہ ان پر اللہ اور اس کا رسول ظلم کرے گا، بلکہ یہی لوگ خود ظالم ہیں-
9) توبہ نہ کرنے والے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: "وَمَنْ لَّمْ يَتُبْ فَاُولٰٓئِكَ هُـمُ الظَّالِمُوْنَ" (الحجرات:11) اور جو توبہ نہ کرے سو وہی ظالم ہیں-
10) حق کی گواہی کو چھپانے والے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: "وَمَنْ اَظْلَمُ مِمَّنْ كَتَمَ شَهَادَةً عِنْدَهٝ مِنَ اللّـٰهِ وَمَا اللّـٰهُ بِغَافِلٍ عَمَّا تَعْمَلُوْنَ" (140) اور اس سے بڑھ کر کون ظالم ہوگا جو گواہی چھپائے جو اس کے پاس اللہ کی طرف سے ہو، اور اللہ بے خبر نہیں اس سے جو کچھ تم کرتے ہو-
11) نصیحت سے منہ پھیرنے والے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: "وَمَنْ اَظْلَمُ مِمَّنْ ذُكِّرَ بِاٰيَاتِ رَبِّهٖ ثُـمَّ اَعْرَضَ عَنْـهَا اِنَّا مِنَ الْمُجْرِمِيْنَ مُنْتَقِمُوْنَ" (22) اور اس سے بڑھ کر کون ظالم ہوگا جسے اس کے رب کی آیتوں سے سمجھایا جائے پھر وہ ان سے منہ موڑے، ہمیں تو گنہگاروں سے بدلہ لینا ہے-
12) سچی باتوں کی تکذیب کرنے والے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: "فَمَنْ اَظْلَمُ مِمَّنْ كَذَبَ عَلَى اللّـٰهِ وَكَذَّبَ بِالصِّدْقِ اِذْ جَآءَهُ" (الزمر:32) اس سے بڑھ کر کون ظالم ہوگا جس نے اللہ پر جھوٹ بولا اور جب اس کے پاس سچی بات آئی تو اس نے اس کو جھٹلا دیا-
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو ظلم سے بچائے اور نیک عمل کی توفیق عطا فرمائے آمین-
══════════ ❁✿❁ ══════════
 
Top