انتقال پر ملال
آہ! ڈاکٹر فضل الرحمن مدنی رحمہ الله

-------------------------------------------------------------------------------
انتہائی رنج وغم کے ساتھ یہ اطلاع دی جا رہی ہے کہ آج مورخہ 26/مارچ 2021 ء بروز جمعہ بوقت رات تین بجے عالم اسلام کی معروف علمی شخصیت، رابطہ عالم اسلامی مکہ مکرمہ کی فقہ اکیڈمی کے رکن، جامعہ محمدیہ منصورہ مالیگاؤں کے مفتی و سینئر استاذ، جماعت و جمعیت کے نامور عالم دین، عظیم محقق و باحث، باکمال داعی، مشفق ومربی استاذ، درجنوں کتابوں کے مصنف و مترجم فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر فضل الرحمن مدنی کا مالیگاؤں میں انتقال ہوگیا ہے، انا لله وانا اليه راجعون، اللهم اغفر له وارحمه وعافه واعف عنه واكرم نزله ووسع مدخله واغسله بالماء والثلج والبرد، ونقه من الخطايا كما نقيت الثوب الابيض من الدنس، وادخله فى جنة الفردوس واعذه من عذاب القبر وعذاب النار، اللهم آمين.

گزشتہ چند دنوں سے مسلسل آپ رحمہ اللہ کے حق میں دعاء صحت کی اپیل کی جارہی تھی، مگر وقت موعود آگیا، اور آج آپ اس دنیاء فانی سے دار البقاء کی طرف کوچ کر گئے، ر حمه الله رحمة واسعة.

محترم ڈاکٹر صاحب کی وفات جماعت و جمعیت، قوم وملت، اور عالم اسلام کے لئے عظیم سانحہ ہے، آپ کی شخصیت علمی حلقوں میں انتہائی معتمد شخصیت تھی، علماء کرام کے لئے آپ مرجع کی حیثیت سے تھے، شرعی مسائل کے حل کے لئے آپ کی طرف رجوع کیا جاتا تھا، اللهم اجرنا فى مصيبتنا واخلف لنا خيرا منه،
جامعہ محمدیہ عربیہ رائیدرگ سے آپ کا قریبی تعلق تھا، ایک سے زائد مرتبہ جامعہ کے سالانہ اجلاس میں آپ تشریف لائے اور اپنے گراں قدر خطاب و زریں مشوروں سے مستفیض فرمایا، آپ کی حیات و خدمات پر مشتمل تفصیلی انٹرویو طلبہ جامعہ کے سالنامہ السلسبیل کے 12/ویں شمارہ میں شائع ہوا ہے، اللہ تعالیٰ آپ کی شاندار دینی و دعوتی، تعلیمی و سماجی خدمات کو قبول فرمائے آمین۔

طلبہ، اساتذہ ، ذمہ داران جامعہ و ابناء قدیم سب آپ کے انتقال پر گہرے رنج و الم کا اظہار کرتے ہیں اور اظہار تعزیت کرتے ہیں، إنَّ للَّهِ ما أخذَ ولَهُ ما أعطى وَكُلُّ شيءٍ عندَ اللَّهِ بأجَلٍ مُسمًّى، إنَّ العَيْنَ تَدْمَعُ، والقَلْبَ يَحْزَنُ، ولا نَقُولُ إلّا ما يَرْضى رَبُّنا، وإنّا بفِراقِكم يا دكتور لَمَحْزُونُونَ.
دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ آپ کے اہل وعیال کو صبر وہمت عطا فرمائے آمین

مسلسل کبار علماء ہمارے درمیان سے اٹھتے جارہے ہیں، اللہ تعالیٰ اس خلا کو پر کرے اور جماعت و جمعیت کو نعم البدل عطاء فرمائے، آپ کے حسنات و خدمات کو شرف قبولیت بخشے، بشری لغزشوں اور کوتاہیوں کو معاف فرمائے، جنت الفردوس میں جگہ دے، پسماندگان وجملہ متعلقین ومحبین کو صبر جمیل عطا فرمائے، آمین
شریک غم
ابو حمدان اشرف فیضی
ناظم جامعہ محمدیہ عربیہ رائیدرگ
 
Top