سرمہ لگانے کے آداب
----------------------------------------------

سرمہ لگانے کا بہترین وقت:


نبیﷺ نے فرمایا:
عليْكم بالإثمدِ عندَ النَّومِ فإنَّهُ يجلو البصرَ وينبتُ الشَّعر
(صحيح ابن ماجه: ٢٨٣٤، السلسلة الصحيحة: ٧٢٤ )
جابر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے سنا، ”تم سوتے وقت اثمد سرمہ استعمال کیا کرو، کیونکہ وہ نظر کو جلا بخشتا ہے اور (پلکوں کے) بال اگاتا ہے۔“
سرمہ لگانے کا فائدہ:
نبیﷺ نے فرمایا:
عليكم بالأثمدِ فإنَّهُ منبتةٌ للشعرِ، مذهبةٌ للقَذى، مصفاةٌ للبصرِ

” اثمد سرمے کا لازمی طور پر اہتمام کیا کرو، کیونکہ بالوں کو اگانے والا، آنکھ کی کیچ (اور چیپڑ) کو ختم کرنے والا اور نظر کو جلا بخشنے والا ہے۔“
[سلسله احاديث صحيحه/اللباس والزينة واللهو والصور/حدیث: 665]
اثمد سرمہ کیا ہے؟
اثمد ایک پتھر ہے جسے پیس کر آنکھوں کے لیے بطورِ سُرمہ استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کا رنگ کالا سُرخی مائل ہوتا ہے۔ کہا جاتا ہے: أَثْمَدَ عَيْنَهُ یعنی اس نے اپنی آنکھ میں اثمد کا سرمہ لگایا ہے۔ لفظِ ’اثمد‘در اصل’الثَّمْد‘ سے ماخوذ ہے، جس کا معنی’پانی کا کم ہونا‘ ہے۔

’اِثمِدْ‘ سرمے کی ایک بہترین قسم ہے۔ اسے مرد و خواتین سب استعمال کرتے ہیں۔ یہ حجاز، مغرب (مراکش)، اصفہان (موجودہ ایران) اور بعض دیگر ممالک میں پایا جاتا ہے۔ یہ ایک بھر بھری جلدی سے ٹوٹ جانے والی دھات ہے، جب یہ خالص ہوتی ہے تو چمکدار چاندی کی طرح سفید رنگ والی ہوتی ہے، اور جب اسے انگلیوں کے درمیان مَلا جائے تو ایک تیز بو بکھیرتی ہے۔ اسے آنکھوں کی بینائی کو اچھا اور مضبوط کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ اسی طرح اس کا استعمال زیب و زینت اختیار کرنے وغیرہ کے لیے بھی ہوتا ہے۔
سرمہ طاق عدد میں لگائیں:
نبیﷺ کے بارے میں حدیث میں ہے:
كان إذا اكْتَحَلَ اكْتَحَلَ وِتْرًا، وإذا اسْتَجْمَرَ اسْتَجْمَرَ وِتْرًا
(صحيح الجامع: ٤٦٨٠)
”جب کوئی آدمی سرمہ لگائے تو طاق (سلائیوں) سے سرمہ لگائے اور جب کوئی آدمی پتھروں سے استنجا کرے تو وہ بھی طاق (پتھروں) سے استنجا کرے۔“

دوسری حدیث میں ہے:

كان يَكْتَحِلُ في عَيْنِهِ اليُمْنى ثلاثَ مراتٍ واليُسْرى مَرَّتَيْنِ
انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے دائیں آنکھ میں تین دفعہ اور بائیں آنکھ میں دو دفعہ سرمہ لگاتے تھے۔

[سلسله احاديث صحيحه/اللباس والزينة واللهو والصور/حدیث: 633]

اللہ تعالیٰ ہمیں نبیﷺ کی جملہ سنتوں پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے آمین
----------------------------------------------
ابو حمدان اشرف فیضی
جامعہ محمدیہ عربیہ رائیدرگ آندھرا پردیش
5/نومبر 2021، بروز جمعہ
 
Top