بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
الحمد للہ رب العالمین ،والصلاۃ والسلام علی رسولہ الأمین وعلی آلہ وصحبہ أجمعین،وأشہد أن لاإلہ الا اللہ وأشہد أن محمدا عبدہ ورسولہ،أمابعد
۱۶؍جمادی الآخر ۱۴۴۱ ھ۔۔۱۱؍فروری ۲۰۲۰ء
تاثرات وپیغام

کلیہ فاطمۃ الزہراء الاسلامیہ للبنات ہرپن ہلی،کرناٹک کا ایک دینی،تعلیمی ،تربیتی،اور اقامتی ادارہ ہے،اس ادارہ کے مختلف شعبہ جات ہیں،ان میں ایک شعبہ صحافت کا بھی ہے،جس کی نگرانی میں طالبات تحریری وقلمی مشق کرتی ہیں،اب تک اس شعبہ سے ’’ انوار فاطمہ ‘‘ کے نام سے متعدد خصوصی شمارے شائع ہوکر اہل علم میں مقبول ہوچکے ہیں،بانی کلیہ مولانا عبد الوہاب جامعی ؍حفظہ اللہ کی طرف سے ہرسال کا تازہ شمارہ مجھ ناچیز کو حاصل ہوا ہے،طالبات کلیہ کی تقریری وتحریری علمی کاوشوںوسرگرمیوں سے میں بہت پہلے سے واقف ہوں،الحمدللہ یہ ادارہ دختران قوم وملت کی تعلیم وتربیت کا عظیم علمی مرکز ہے ،جو اعلیٰ تعلیم،مثالی تربیت،طہارت ونظافت، اورحسن انتظام وانصرام میں معروف ومقبول ہے،مؤسس ادارہ کی ہمہ جہت سرپرستی ونگرانی سے روز بروز عروج وارتقاء کے منازل طے کررہا ہے اور تعلیمی میدان میں نمایاں مقام حاصل کررہا ہے ،ا للہ تعالیٰ ادارے کوتمام شعبوں میں مزیدترقی عطا فرمائے اورمنتظمین کے عزائم ومنصوبوں کو پورا فرمائے،ہرشر اور فتنے سے محفوظ رکھے۔آمین
سابقہ شماروں میں سیرت رسول کے مرکزی عنوان سے خصوصی شمارہ شائع ہوچکا ہے،یہ شمارہ سیرت رسول ﷺ کے ایک خاص موضوع ’’ معجزات نبوی نمبر ‘‘پر مشتمل ہے،الحمدللہ طالبات نے موضوع کے تمام گوشوں کا علمی احاطہ کیا ہے اور بڑی گہرائی کے ساتھ آسان وسہل انداز میں خامہ فرسائی کی ہے،یقینا یہ ایک مفید ووقیع حسین علمی گلدستہ ہے،جو ہرگھر کی ضرورت ہے، تمام طالبات کی کاوشیںقابل قدر اور لائق تحسین ہیں،اللہ تعالیٰ قبول فرمائے ۔آمین
میں اس موقع پر تمام معلمین ومعلمات کو پرخلوص مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے ایسے پرآشوب وپرفتن وقت میںسیرت رسول کے اس اہم موضوع کو منتخب کیا،یقینا عصر حاضر میں سیرت رسول ﷺکی اہمیت وضرورت کوسمجھنا وقت کا اہم تقاضا ہے،کیونکہ ہمارے تمام مسائل کا حل اسی میں موجود ہے ،
مشکل کا تیرے حل ہے مگر جستجو ہے شرط
اپنی کتاب اپنا پیمبر تلاش کر

مگر افسوسناک پہلو یہ ہے کہ اکثر مسلمان اپنے نبی کی سیرت سے ناواقف ہیں،ان حالات میں بالخصوص ہر مسلمان کے لئے ضروری ہے کہ نبی ﷺ کی سیرت طیبہ کاتفصیلی علم حاصل کرے اور اسے اپنی عملی زندگی میں نافذ کرے،اسوہ رسول کو اپنا دستور حیات بنائے ،تمام مردوخواتین سے دردمندانہ اپیل ہے کہ سیرت رسول کے اس پہلوکو سمجھنے کو لئے اس مجلہ کا مطالعہ کریں اور اس کی افادیت کو عام کریں،نیز دیگر کتب سیرت کا مطالعہ جاری رکھیں، اللہ تعالیٰ سب کو نیک توفیق دے اور امت مسلمہ کی حفاظت فرمائے۔آمین
خیر اندیش
ابوحمدان اشرف فیضی
ناظم جامعہ محمدیہ عربیہ رائیدرگ
 
Top