ذیشان خان

Administrator
ہماری کمائی میں برکت کیوں نہیں؟؟

ازقلم: عبیداللہ بن شفیق الرحمٰن اعظمیؔ محمدیؔ مہسلہ
.........................................................
اس میں کوئی شک نہیں کہ آج اکثر لوگوں کے ہاتھوں میں پیسے بہت ہیں، جب کہ آج سے دس بیس سال پہلے بہت سارے گھرانے تھے جو غربت کی چکی میں پس رہے تھے لیکن ابھی خوش حالی زیادہ ہے غربت کم ہے، لیکن یہ بھی سچائی ہے کہ پیسہ تو بہت ہے مگر برکت سے خالی ہے، اس کی کچھ علامات ہیں جیسے پیسہ ناکافی ہو، دوا علاج میں زیادہ خرچ ہو، اولاد نافرمان ہو، گھریلو اختلاف ہو، طبیعت بےچین ہو، آدمی مقروض ہو، مال چوری ہو جائے، برباد ہو جائے، مال اپنے لیے سود مند نہ ہو یہ ظاہری پہچان ہے کہ انسان کا مال برکت سے خالی ہے، لیکن ایسا بھی ہوتا ہے صالحین کے ساتھ اللہ کی آزمائش بھی ہوتی ہے، برکت کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ مال کم بھی ہو لیکن ضرورت کے لیے کافی ہو، انسان اس پر مطمئن ہو، مال اس کے لیے نفع بخش ہو، کم ہو مگر کم مدت میں ہی کئی کام مکمل ہو جائے-
سوال یہ ہے کہ بےبرکتی کے اسباب کیا ہیں؟ آئیے آج ہم سرسری طور پر اس کو جاننے کی کوشش کرتے ہیں-
*مال میں بےبرکتی کے چند اسباب*
1) کثرت سے گناہ کرنا-
2) کاروبار میں جھوٹ بولنا، دھوکہ دینا-
3) سود کھانا-
4) نعمت پر اللہ کا شکر ادا نہ کرنا، نعمت کی ناقدری کرنا-
5) فضول خرچ کرنا-
6) رشتے داریوں کو کاٹنا-
7) اللہ کے راستے میں خرچ نہ کرنا-
8) بھیک مانگنا-
9) شادی بیاہ میں تاخیر کرنا اور شادی میں مال پانی کی طرح بہانا-
10) بہنوں کو حق وراثت سے محروم کرنا-
11) اسباب نہ اختیار کرنا-
12) نماز نہ پڑھنا-
13) برکت کی دعا نہ کرنا-
14) منشیات کا استعمال کرنا-
15) فجر بعد سونا-
16) بلاضرورت قرض لینا-
17) قرآن کی تلاوت نہ کرنا اور قرآن کو چھوڑ دینا-
18) تعویذ گنڈا لٹکانا، شرکیہ وکفریہ کام کرنا-
19) چوری کرنا-
20) آخرت کو فراموش کر جانا-
یہ چند اسباب ہیں جن کی وجہ سے مال کی برکت ختم ہو جاتی ہے، لہٰذا اگر ہم یہ چاہتے ہیں کہ ہمارا مال بےبرکتی سے پاک ہو، ہمارا مال ہمارے لیے خیر وبرکت کا باعث ہو، نفع بخش ثابت ہو، سود مند ہو تو ہم اللہ کا تقوی اختیار کریں، بکثرت ذکر واذکار کریں، گناہوں سے توبہ کریں، استغفار کریں، نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم پر درود وسلام بھیجیں، صلہ رحمی کریں، قرآن کی تلاوت کریں، اور مزید ان تمام اعمال سے بچیں جن سے مال برکت سے خالی ہوتا ہے جن کا تذکرہ ابھی اوپر گزرا ہے، اللہ تعالٰی ہم سب کو ہر چیز میں خیر وبرکت سے نوازے آمین-
══════════ ❁✿❁ ══════════
 
Top