ذیشان خان

Administrator
بسم الله الرحمن الرحيم وبه نستعين

ہم برکت کیسے حاصل کریں؟

ازقلم: عبیداللہ بن شفیق الرحمٰن اعظمیؔ محمدیؔ مہسلہ
.........................................................
برکت کے حصول کی فکر سب کو ہوتی ہے، ہر شخص چاہتا ہے کہ اس کی زندگی، وقت، مال اور اولاد میں برکت ہو، لیکن حقیقت میں کیا ہم برکت کے لیے صحیح راستہ اختیار کرتے ہیں، اگر اس پر غور کیا جائے تو اکثر لوگ برکت کے حصول میں صریح جہالت میں ہیں، کچھ لوگ تعویذ گنڈا لٹکانے میں برکت سمجھتے ہیں، چاروں قل یا حروف مقطعات کی تختی بنا کر در ودیوار پر لگاتے ہیں، قبروں اور مقامات مقدسہ کو چومتے چاٹتے ہیں اور ان سے برکت حاصل کرتے ہیں، مردوں سے مانگتے ہیں، یہ سب غیر شرعی طریقہ ہے، اس راستے سے برکت حاصل نہیں ہوگی بلکہ ایمان برباد ہو جائے گا، آئیے آج جاننے کی کوشش کرتے ہیں کہ برکت کا صحیح طریقہ کیا ہے یا ہم برکت کیسے حاصل کریں؟
1) تقوی اختیار کریں یعنی اللہ کے ہر حکم کی تعمیل کریں اور اللہ کی نافرمانی سے بچیں-
2) بکثرت توبہ واستغفار کریں-
3) برکت کی خاطر رب سے دعائیں کریں-
4) حلال روزی اختیار کریں-
5) رشتہ داروں کے ساتھ اچھا سلوک کریں اور لوگوں کے ساتھ اچھے اخلاق سے پیش آئیں-
6) اپنے وقت کو منظم بنائیں اور اسے غنیمت جانیں، وقت کو ضائع کرنے سے بچیں-
7) صبح کے وقت سے استفادہ کریں، فجر بعد نہ سوئیں-
8) صدقہ وخيرات کریں، اپنے مال سے غرباء ومساکین اور مستحقین کو فائدہ پہنچائیں-
9) مل کر کھانا کھائیں-
10) ہر کام بسم اللہ سے شروع کریں-
11) اللہ کے راستے میں جہاد کریں-
12) سلام کو عام کریں-
13) قرآن مجید کی تلاوت کریں-
14) اپنی زبان کو اللہ کے ذکر سے تر رکھیں-
15) شہد نوش کریں، عجوہ یا مدینہ کی کوئی بھی کھجور کھائیں، اسی طرح کلونجی اور زیتون کا بھی استعمال کریں-
16) سادگی سے شادی کریں-
17) اپنے کاروبار اور تجارت کو جھوٹ اور دھوکہ دہی سے پاک رکھیں-
18) جو دانا دسترخوان پر گر جائے اسے صاف کر کے کھالیں، مزید کھانے کے بعد انگلیوں اور برتنوں کو مکمل چاٹ لیں-
19) گھروں میں سنن ونوافل کا خاص اہتمام کریں-
20) بکثرت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر درود بھیجیں-
برکت کے یہ چند شرعی اسباب ہیں، ان اعمال سے ہی ہم کو حقیقی برکت حاصل ہو سکتی ہے، لہٰذا ہم سب کو چاہیے کہ ہم ان اعمال مذکورہ کو انجام دیں تاکہ ہم برکت سے مستفید ہو سکیں، اللہ تعالٰی ہم سب کو مال، دولت، زندگی، وقت اور آل واولاد میں برکت دے آمین-
═════ ❁✿❁ ══════
18 /06/2020
 
Top