ذیشان خان

Administrator
بسم الله الرحمن الرحيم وبه نستعين

مطالعہ کے متعلق کچھ اہم باتیں

ازقلم: عبیداللہ بن شفیق الرحمٰن اعظمیؔ محمدیؔ مہسلہ
.........................................................
مطالعہ یہ عربی زبان کا لفظ ہے، مطالعہ اردو میں بھی مستعمل ہے، اس کا معنی ہوتا ہے اچھی طرح کتاب کا پڑھنا، مطالعہ کی اہمیت وافادیت سے پوری دنیا واقف ہے، اور الحمدللہ مطالعہ کم یا زیادہ اکثر لوگ کرتے ہیں، لیکن اکثر لوگ مطالعہ کے آداب وغیرہ سے ناواقف رہتے ہیں، آئیے آج ہم یہ جاننے کی کوشش کرتے ہیں کہ مطالعہ کے وقت ہمیں کن باتوں کا خیال رکھنا چاہیے-
*مطالعہ کے متعلق کچھ اہم باتیں درج ذیل ہیں*
1) پرسکون ماحول اور پرسکون جگہ پر مطالعہ کریں-
2) پہلے چھوٹی چھوٹی کتابیں پڑھیں بعد میں تفصیلی معلومات حاصل کرنے کی کوشش کریں-
3) بالکل اجالے اور اچھی روشنی میں مطالعہ کریں، اندھیرے میں لکھنے پڑھنے سے بچیں تاکہ آنکھ کی بینائی محفوظ رہے-
4) مطالعہ کے وقت اپنے ساتھ قلم اور ڈائری ضرور رکھیں تاکہ نئی معلومات اور اہم چیزیں قلم بند کر سکیں-
5) مطالعہ اطمینان سے بیٹھ کر کریں، سو کر یا لیٹ کر مطالعہ نہ کریں-
6) جب ذہنی تناؤ یا ٹینشن ہو تو اس وقت مطالعہ نہ کریں-
7) مطالعہ کے دوران اگر نیند آئے تو مطالعہ بند کر دیں، پہلے اچھی طرح سو لیں پھر اٹھنے کے بعد مطالعہ شروع کریں-
8) مطالعہ کرتے وقت کتابوں میں لفظی غلطی یا کوئی بڑی غلطی ملے تو اسے لال قلم سے درست کر دیں-
9) کتابوں پر قلم چلانے سے اجتناب کریں، خواہ مخواہ حاشیہ نہ چڑھائیں، ہاں اگر اپنی کتاب ہو تو کوئی بات نہیں لیکن لائبریری کی کتاب پر کچھ لکھنا جائز نہیں ہے، لیکن جب کہیں کسی کتاب پر نوٹ چڑھانے کی ضرورت محسوس ہو تو پنسل کا استعمال کریں-
10) کتابوں کا احترام بجا لائیں، کتابوں کو پھینکنے، پٹخنے، گرانے سے بچیں-
11) مصنف، مولف یا صاحب کتاب کے حق میں دعاکرنا نہ بھولیں-
12) کتاب پڑھتے پڑھتے کوئی اچھی عبارت ملے، یا کوئی عمدہ کلمہ ملے، یا کوئی مقولہ ملے تو اسے یاد کرنے کی کوشش کریں اور پھر اسے اپنی بول چال میں استعمال کریں-
13) اگر کتاب کی کوئی عبارت سمجھ میں نہ آئے تو اہل علم سے پوچھ لیں-
14) مطالعہ کے دوران اپنے ساتھ لغات ضرور رکھیں تاکہ مشکل لفظ کا معنی فوراً حل کر سکیں-
15) بھوکے پیاسے ہو کر مطالعہ نہ کریں، پہلے کھا پی لیں پھر بعد میں اطمینان سے مطالعہ کریں-
16) بہت زیادہ مطالعہ نہ کریں یا جلدی جلدی مطالعہ نہ کریں، مطالعہ کا بہترین طریقہ یہ ہے ہر روز تھوڑا تھوڑا پڑھیں، اس میں بڑی برکت ہے، اگر کوئی شخص ہر روز دس صفحات پڑھتا ہے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ اس نے سال بھر میں ساڑھے تین ہزار سے زائد صفحات کا مطالعہ کر لیا ہے-
17) مطالعہ کریں لیکن اپنے مطالعے کی وجہ سے کسی کا حق نہ ماریں، جیسے مہمان آئے اور آپ اسے وقت دینے کی بجائے اپنے مطالعے میں مصروف رہیں، اسی طرح مطالعہ کرنے میں اس قدر غرق ہو جائیں کہ اپنے بال بچوں کا حق بھول جائیں تو ایسا مطالعہ باعث گناہ ہے-
18) مطالعہ کرتے وقت موبائل فون دور رکھ دیں یا بہتر ہے کہ ایک گھنٹے کے لیے موبائل بند کر دیں-
19) مطالعہ کرنے کے لیے اپنا ایک خاص وقت متعین کر لیں تاکہ اس کی پابندی کر سکیں-
20) مطالعہ کا مقصد دین سیکھنا ہو، لوگوں کو نیک راستہ بتانا ہو، نہ کہ مطالعہ کرکے لوگوں پر اپنا علمی رعب جمانا مقصود ہو-
یہ مطالعہ کے متعلق کچھ باتیں تھیں، مطالعہ کے وقت ان کا خیال رکھنا بہت ضروری ہے، اگر ہم ان باتوں پر عمل کرتے ہوئے مطالعہ کرتے ہیں تو یقیناً ہمارا مطالعہ بہت سود مند ثابت ہوگا، اللہ رب العالمین ہم سب کو علم نافع اور عمل صالح کی توفیق دے آمین-
═════ ❁✿❁ ══════
 
Top