ذیشان خان

Administrator
عظمتِ صحابہ پر ایک آیت اور اس سے مستنبط دس مسائل
______________

عبدالغفار سلفی ،بنارس

عظمتِ صحابہ کو سمجھنے کے لیے قرآن مجید کی صرف یہی ایک آیت کافی ہے. اللہ تعالیٰ فرماتا ہے :

﴿مُّحَمَّدࣱ رَّسُولُ ٱللَّهِۚ وَٱلَّذِینَ مَعَهُۥۤ أَشِدَّاۤءُ عَلَى ٱلۡكُفَّارِ رُحَمَاۤءُ بَیۡنَهُمۡۖ تَرَىٰهُمۡ رُكَّعࣰا سُجَّدࣰا یَبۡتَغُونَ فَضۡلࣰا مِّنَ ٱللَّهِ وَرِضۡوَ ٰ⁠نࣰاۖ سِیمَاهُمۡ فِی وُجُوهِهِم مِّنۡ أَثَرِ ٱلسُّجُودِۚ ذَ ٰ⁠لِكَ مَثَلُهُمۡ فِی ٱلتَّوۡرَىٰةِۚ وَمَثَلُهُمۡ فِی ٱلۡإِنجِیلِ كَزَرۡعٍ أَخۡرَجَ شَطۡـَٔهُۥ فَـَٔازَرَهُۥ فَٱسۡتَغۡلَظَ فَٱسۡتَوَىٰ عَلَىٰ سُوقِهِۦ یُعۡجِبُ ٱلزُّرَّاعَ لِیَغِیظَ بِهِمُ ٱلۡكُفَّارَۗ وَعَدَ ٱللَّهُ ٱلَّذِینَ ءَامَنُوا۟ وَعَمِلُوا۟ ٱلصَّـٰلِحَـٰتِ مِنۡهُم مَّغۡفِرَةࣰ وَأَجۡرًا عَظِیمَۢا.

محمد (صلی اللہ علیہ وسلم) اللہ کے رسول ہیں ، اور جو لوگ ان کے ساتھ ہیں وہ کفار پر سخت اور آپس میں رحیم ہیں ۔ تم جب بھی دیکھو گے انہیں رکوع و سجود کرتا ہوا ، اور اللہ کے فضل اور اس کی خوشنودی کا طالب پاؤ گے ۔ سجدے کے اثرات ان کے چہروں پر ہوتے ہیں جن سے وہ الگ پہچانے جاتے ہیں ۔ یہ ہے ان کی صفت توراۃ میں ۔ اور انجیل میں ان کی مثال یوں دی گئی ہے کہ گویا ایک کھیتی ہے جس نے پہلے کونپل نکالی ، پھر اس کو تقویت دی ، پھر وہ طاقتور ہوئی ، پھر اپنے تنے پر کھڑی ہو گئی ۔ کاشت کاروں کو وہ خوش کرتی ہے تاکہ کفار ان کے پھلنے پھولنے پر جل بھن جائیں ۔ اس گروہ کے لوگ جو ایمان لائے ہیں اور جنہوں نے نیک عمل کیے ہیں اللہ نے ان سے مغفرت اور بڑے اجر کا وعدہ فرمایا. (الفتح :29)

آیت سے مستفاد دس مسائل

1. والذین معہ... سے معلوم ہوا کہ اصحاب رسول ہر حال میں اپنے نبی کا ساتھ دینے والے ہیں، یہ وہ نفوس قدسیہ ہیں جنہوں نے بدر واحد کے کارزاروں میں ہی نہیں بلکہ تبوک کی اس سخت گھڑی میں بھی اپنے حبیب کا ساتھ دیا جسے خود رب کریم نے قرآن میں ساعۃ العسرۃ قرار دیا ہے

2. اشداء علی الکفار..... سے صحابہ کے عقیدۂ ولا اور براء کا علم ہوا، وہ اہل ایمان کے لیے جتنے رحیم وشفیق ہیں اہل کفر کے لیے اتنے ہی سخت ہیں.

3. تراھم رکعا وسجدا... سے ان کے زہد وتقوی، ان کی کثرتِ عبادت کا پتہ چلا.

4- یبتغون فضلا... سے ان کے اخلاص وللہیت کا علم ہوا. ان پر نفاق کی تہمت لگانے والوں کا بھی رد ہوا.

5- سیماہم فی وجوھھم... سے معلوم ہوا کہ ان کی عبادت گزاری کی گواہی ان کے روشن چہرے دیتے تھے، ان کے ایمان وتقوی کے اثرات ان کے چہروں سے ہی نمایاں ہوتے تھے.

6- ذلک مثلہم فی التوراۃ... سے معلوم ہوا کہ ان کی عظمت پر صرف قرآن وسنت ہی نہیں دیگر صحفِ سماویہ بھی شاہد ہیں.

7- کزرع اخرج شطأہ.... سے معلوم ہوا کہ اسلام کا وہ پودھا جسے محمد عربی صلوات اللہ علیہ نے لگایا تھا اسے خون جگر سے سینچنے اور پروان چڑھانے والے یہی اصحاب رسول ہیں، یہ بھی پتہ چلا کہ انہیں کے ذریعے اسلام کی سطوت کا بول بالا ہوگا.

8- لیغیظ بھم الکفار... سے معلوم ہوا کہ اصحاب رسول سے بغض رکھنے والا کافر ہے.

9- وعد اللہ الذین آمنو... سے معلوم ہوا کہ تمام اصحاب رسول مومن ہیں، انہیں مرتد اور منافق کہنے والوں کا رد ہے.

10- مغفرة وأجرا عظیما... سے معلوم ہوا کہ ان سے بشری تقاضوں کے تحت کچھ لغزشیں ہوئی بھی ہیں تو وہ سب رب تعالیٰ نے معاف کر دی ہیں اور وہ سب کے سب اجر عظیم یعنی دخول جنت کے حقدار ہیں.

تلک عشرۃ کاملۃ

رضی اللہ عنہم اجمعین
 
Top