ذیشان خان

Administrator
بسم الله الرحمن الرحيم وبه نستعين

لائٹ (بجلی) ایک عظیم نعمت
ازقلم: عبیداللہ بن شفیق الرحمٰن اعظمیؔ محمدیؔ مہسلہ
.......................................................
ہم انسانوں پر اللہ رب العالمین کی بےشمار نعمتیں اور نوازشیں ہیں کہ جن کا شمار ہماری بس سے باہر ہے یعنی نعمتوں کا گننا محال اور مشکل امر ہے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ کہتا ہے: "وَاِنْ تَعُدُّوْا نِعْمَةَ اللهِ لاَ تُحْصُوْهَا" (ابراھیم:34) اگر تم اللہ کی نعمتوں کو گننا چاہو تو تم اسے گن نہیں سکتے-
قارئین کرام! اللہ کی نعمتوں میں سے ایک عظیم الشان نعمت لائٹ (بجلی) بھی ہے، اس لائٹ کے ذریعے بڑے بڑے کام پورے ہوتے ہیں اور لائٹ کی وجہ سے انسانی زندگی میں بڑی آسانیاں حاصل ہوتی ہیں، پہلے جو کام گھنٹوں میں پورے ہوتے تھے اب لائٹ کے سہارے منٹوں اور سیکنڈوں میں بآسانی پورے ہو جاتے ہیں اور مشقت اور تھکاوٹ بھی نہیں ہوتی ہے، جیسے اے سی، واشنگ مشین سے کپڑے کی دھلائی، پریس (استری) کتابوں کی طباعت، فریج، کولر، پنکھا، ٹرین کا سفر، فوٹوگرافی، انوائٹر بیٹری، موبائل بیٹری اور لائٹ بیٹری کی چارجنگ، اے ٹی ایم مشین، بینک اور انٹرنیٹ کی سہولیات وغیرہ وغیرہ-
آج ہمارے زمانے میں لائٹ کی وجہ سے جو ہم کو آسانیاں مل رہی ہیں وہ قابل رشک ہیں، ممکن ہے کہ آدمی کثرت سے استعمال کرنے کی وجہ سے لائٹ کو نعمت سمجھنے میں الجھن ہو، لیکن میں ایک بات بتاتا ہوں کہ جب لائٹ میں کوئی بڑی خرابی آجاتی ہے اور پھر ایک دو روز لائٹ نہیں آتی ہے تب آدمی کتنا زیادہ پریشان ہوتا ہے، موبائل میں چارجنگ نہیں، ٹنکی میں پانی نہیں، کپڑے سیدھے نہیں، گرمی میں راحت نہیں، ٹھنڈی ہوا نہیں، آدمی تلملا جاتا ہے، رات کی نیند کم ہو جاتی ہے، دن میں کام کرنا بھاری پڑتا ہے، لائٹ نہ ہونے کی خاطر دن میں مکھی اور رات میں مچھر پریشان کرتے ہیں، ذرا سوچیں یہ دنیا کا عالم ہے کہ چند منٹ لائٹ چلی جانے سے کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو پھر آخرت اور برزخ کا کیا عالم ہوگا، قبر میں کیا ہوگا، اس جہنم کی آگ کا کیا عالم ہوگا جو دنیا سے انہتر درجہ شدید ہے اللہ اکبر!
اس لیے میرے بھائیو ہم سب کی ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم لائٹ کو اللہ کی ایک عظیم نعمت سمجھیں اور لائٹ کا صحیح استعمال کریں، اسراف اور فضول خرچی سے بچیں، وقت پر لائٹ بل جمع کریں، چوری کی بجلی قطعاً استعمال نہ کریں، اور اللہ کی نعمت پر شکر ادا کریں ناشکری نہ کریں، کیونکہ ناشکری نعمتوں کے زوال کا سبب بنتا ہے، جیسا کہ اللہ رب العالمين قرآن مجید میں کہتا ہے: "لَئِنْ شَكَرْتُمْ لَاَزِيْدَنَّكُمْ وَلَئِنْ كَفَرْتُمْ إِنَّ عَذَابِي لَشَدِيْدٌ" (إبراهيم:7) اگر تم شکرگزار بنوگے تو ہم تم کو مزید نعمتوں سے نوازیں گے اور اگر تم نے ناشکری کی تو یاد رکھو کہ میرا عذاب بہت سخت ہے-
خلاصہ کلام یہ ہے کہ لائٹ بہت بڑی نعمت ہے جو آج ہم سب کو حاصل ہے، الحمدللہ لائٹ سے ہماری گلی، روڈ، گھر اور روم منور ہے، پڑھنے لکھنے کھانے پینے اور کام کرنے کی سہولت ہے، المختصر لائٹ ترقی کا راز ہے، اگر لائٹ ختم کر دی جائے تو پھر زمانہ زمانہ قدیم کی طرف پَل بھر میں لوٹ آئے گا، اللہ ہم سب کو لائٹ کی نعمت زندگی بھر مالا مال کرے اور چھوٹی بڑی تمام نعمتوں پر شکر ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے آمین-
══════════ ❁✿❁ ══════════
 
Top