ذیشان خان

Administrator
کیا ملک الموت کو عزرائیل کے نام کے ساتھ موسوم کرنا درست ہے ؟؟

✍⁩ ہدایت اللہ فارس

ج/ فرشتے عالم غیب سے تعلق رکھتے ہیں جنہیں اللہ تعالیٰ نے نور سے پیدا کیا اور انہیں عجز و انکسار کے ساتھ اپنا اطاعت گزار بنایا اور انہیں الگ الگ ذمہ داریاں تفویض کیں۔
ان میں سے چند فرشتوں کا ذکر قرآن وحدیث میں ان کے نام کے ساتھ ہوا مثلا:
١/ جبرئیل علیہ السلام: ان پر وحی کی ذمہ داری عائد کی گئی
٢/ اسرافیل علیہ السلام: ان کی ذمہ داری صور پھونکنا ہے۔
٣/ میکائیل علیہ السلام: انہیں بارش اور زمین کے نباتات سے متعلقہ ذمہ داریاں تفویض کی گئی۔
ان تینوں کا ذکر نبیﷺ نے نماز تہجد کی افتتاحی دعا میں ان الفاظ کے ساتھ کیا ہے:

اللَّهمَّ ربَّ جبريلَ وميكائيلَ وإسرافيلَ فاطرَ السَّمواتِ والأرضِ عالِمَ الغيبِ والشَّهادةِ أنتَ تحكُمُ بينَ عبادِكَ فيما كانوا فيهِ يختلِفونَ اهدِني لما اختُلِفَ فيهِ منَ الحقِّ بإذنِكَ إنَّكَ تهدي من تشاءُ إلى صِراطٍ مستقيمٍ(صحيح مسلم: ٧٧٠)

زندگی سے متعلقہ امور ان تینوں میں سے ہر ایک کے سپرد کیے گئے ہیں:
جیسے: وحی جبرئیل علیہ السلام کے سپرد کی گئی،جس سے قلبی اور روحانی زندگی وابستہ ہے۔
بارش اور نباتات سے متعلقہ امور میکائیل علیہ السلام کے ذمہ ہیں، جن میں زمین کی زندگی ہے۔
جبکہ حضرت اسرافیل علیہ السلام کی ذمہ داری صور پھونکنا ہے، جس سے قیامت کے دن جسموں کو نئی زندگی ملے گی۔
رہی بات ملک الموت کی تو انہیں "عزرائیل" کے نام کے ساتھ موسوم کرنا درست نہیں ہے، انہیں ملک الموت ہی کہا جاتا ہے جیسے اللہ کا فرمان:(قُلۡ یَتَوَفَّىٰكُم مَّلَكُ ٱلۡمَوۡتِ ٱلَّذِی وُكِّلَ بِكُمۡ ثُمَّ إِلَىٰ رَبِّكُمۡ تُرۡجَعُونَ)
اور نہ ہی نبی کریمﷺ سے اس کا اس نام کے ساتھ موسوم ہونا ثابت ہے۔
(شرح العقيدة الواسطية ١/ ٥٩ )
ابن عثیمین رحمہ اللہ نے اپنی تفسیر میں بھی اس کی وضاحت کی ہے مذکورہ آیت کی تفسیر میں دیکھ سکتے ہیں۔

*علامہ البانی رحمہ اللہ سے سوال کیا گیا کہ کیا ملک الموت کو عزرائیل کے نام سے موسوم کرنا اسرائیلیات سے ہے؟
تو انہوں نے جوابا کہا کہ ہاں یہ اسرائیلیات سے ہے۔ بس ملک الموت ہی ثابت ہے۔۔۔۔۔

*ابن باز رحمہ اللہ سے پوچھا گیا کہ کیا ملک الموت کا نام عزرائیل سنت سے ثابت ہے؟
انہوں نے کہا: یہ اہل علم کے مابین مشہور ہے لیکن مجھے کسی ایسی صحیح حدیث کا علم نہیں جس میں اسے عزرائیل کا نام دیا گیا ہو، اس سلسلے میں بعض ضعیف آثار ہیں لیکن ان سے حجت پکڑی نہیں جاسکتی ہے

*شیخ صالح بن فوزان الفوزان حفظہ اللہ
ملک الموت کا نام عزرائیل ثابت نہیں.....


*د. عثمان الخمیس حفظه الله :
ملک الموت کا نام عزرائیل نہ تو کتاب اللہ سے ثابت ہے اور نہ ہی سنت رسولﷺ سے۔

شیخ کا یہ ویڈیو بھی سنتے جائیں 👇
 
Top