اگر اب بھی نہ جاگے تو!!!!!
ابو حمدان اشرف فیضی رائیدرگ
------------------------------------------------

ایسے سنگین حالات میں بھی ہماری قوم میں بیداری نہیں آرہی ہے، کچھ تو حالات کی سنگینی سے بالکل غافل ہیں، ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے اپنے حلقوں میں، پاس پڑوس میں لوگوں کو اس عالمی وبا کی خطرناکی سے آگاہ کریں، بعض ملکوں کی تصاویر انہیں دکھا کر متنبہ کریں، گلیوں میں نوجوان مجلسیں قائم کرکے گپ شپ میں مشغول ہیں،کچھ تو موبائل فون سے خوب محظوظ ہو رہے ہیں،،

بعض دین پسند احباب احتیاطی تدابیر اور حفاظتی اقدامات کو توکل کے منافی سمجھ رہے ہیں، انہیں توکل کا صحیح مفہوم سمجھانے کی ضرورت ہے،
اے قوم مسلم ہوش میں آ
نازک حالات اور مشکل گھڑی میں بھی اگر ہم خواب غفلت سے بیدار نہ ہوئے، اپنے اعمال کا جائزہ لے کر اللہ کی بارگاہ میں تائب نہیں ہوئے،مزید غلط عادتوں کا شکار ہو گئے تو یہ ہماری حددرجہ غفلت شمار ہوگی اور یاد رکھیں کہ غافلوں کا انجام بڑا بھیانک ہوتا ہے،
افسوس صد افسوس
ان حالات میں غیروں کی نظر میں ہماری شبیہ بگڑتی جارہی ہے، بالخصوص جمعہ وجماعت پر ہمارا اصرار غیروں میں غلط پیغام پیش کر رہا ہے، اندیشہ ہے کہ کہیں ہماری اس لاپرواہی کو اس کا بنیادی سبب نہ قرار دے دیا جائے، ان حالات میں اگر ہم نے شرعی رخصتوں کو ٹھکرا دیا تو بعید نہیں کہ ہم حکومتی قانون کے شکنجے میں جکڑ دیئے جائیں، ماضی کے واقعات سے عبرت حاصل کریں، اور نفس پرستی و انا پسندی کو چھوڑ دیں،

معلوم ہوا کہ آج جمعہ موقوف ہونے کی وجہ سے محلوں میں بعض گھروں میں، بعض گھروں کی چھت پر جمع ہو کر جمعہ کا اہتمام ہوا ہے، پنجوقتہ نمازوں کو باجماعت ادا کرنے کے لئے بھی یہی طریقہ اختیار کیا جارہا ہے، انتہائی افسوسناک ہے، ایک طرف شرعی رخصت کو قبول نہ کرنا ہے تو دوسری طرف قانون کو اپنے ہاتھ میں لینا ہے اور دونوں کسی بھی اعتبار سے درست نہیں ہے، اس سے احتراز کریں، غور طلب بات یہ ہے کہ جس سبب سے مساجد میں جمعہ و جماعت کو موقوف کیا گیا کیا وہ سب اس میں نہیں ہے یعنی لوگوں کا ازدحام اور ایک دوسرے سے اختلاط،

حالات کی سنگینی کا تقاضا ہے کہ فی الفور اس پہلو پر سنجیدگی سے غور کریں اور توجہ دیں ، ہمارے لئے اسی میں خیر ہے کہ ہم سب شرعی اصولوں پر عمل کریں، اور محکمہ صحت اور حکومت کی طرف سے دیئے گئے گائیڈ لائنس کو سختی سے اپنائیں، خود محفوظ رہیں اور دوسروں کو بھی محفوظ رکھیں، خود نقصان سے بچیں اور دوسروں کو بھی نقصان سے بچائیں، اپنے آپ کو راضی برضا گھروں میں قید کر لیں، اور اہل وعیال کی تربیت میں وقت لگائیں،بلا شدید ضرورت باہر نہ نکلیں،

اللہ تعالیٰ ہمیں نیک توفیق دے اور قوم مسلم کو بالخصوص اور جملہ انسانیت کو بالعموم بیدار ہونے کی توفیق عطا فرمائے آمین
----------------------------------------------
جامعہ محمدیہ عربیہ رائیدرگ ،آندھراپردیش
27 /مارچ 2020 ،جمعہ
 
Top