ذیشان خان

Administrator
ایک منٹ میں آپ کیا کیا کر سکتے ہیں...؟

✍⁩ مامون رشید ہارون رشید سلفی.

ساٹھ ستر سالہ مختصر سی انسانی زندگی میں وقت کی بڑی ایمیت ہے,بالخصوص مسلمانوں کے لیے اس کی قدر و قیمت اور اہمیت مزید دو چند ہو جاتی ہے اس لیے ایک مؤمن کو اہتمام کے ساتھ اپنے اوقات کی حفاظت کرنی چاہیے تاکہ زندگی کا کوئی لمحہ اس سے ضائع نہ ہو پائے اور وہ اپنی حیات قصیرہ کے قیمتی لمحات سے استفادہ کرتے ہوئے کامیاب زندگی گزار سکے... سلف صالحین کی سیرت طیبہ سے واقفیت رکھنے والے افراد اس بات سے بخوبی باخبر ہوں گے کہ وہ اپنی زندگی میں کس قدر وقت کو قیمتی تصور کرتے تھے اور کس طرح زندگی کے ایک ایک پل کو صرف اللہ تعالیٰ کی اطاعت وفرما برداری اور حصول رضا میں صرف کرتے تھے...

اس تحریر میں اس بات کی وضاحت کی جائے گی کہ ایک مؤمن ایک منٹ میں جو کہ دن کا ایک انتہائی قلیل عرصہ ہے کس کس طرح کے خیر کے کام انجام دے سکتا ہے اور کیسے اپنے نامہ اعمال کو نیکیوں سے بھر سکتا ہے...؟

(1) ایک منٹ میں آپ تین مرتبہ سورہ فاتحہ کی تلاوت کر سکتے ہیں...سورہ فاتحہ میں تقریباً 140 حروف ہیں ہر حرف کی تلاوت میں ایک ایک نیکی ملتی ہے اور اس ایک نیکی کو دس گنا بڑھا دیا جاتا ہے اس اعتبار سے آپ ایک منٹ میں تقریباً 4200 نیکیاں کما سکتے ہیں.

(2) آپ ایک منٹ میں تقریباً بیس مرتبہ سردا سری طور پر سورہ اخلاص کی تلاوت کر سکتے ہیں...ایک مرتبہ سورہ اخلاص کی تلاوت ایک تہائی قرآن کے برابر ہے چنانچہ اگر آپ بیس دفعہ سورہ اخلاص کی تلاوت کریں گے تو آپ کو سات مرتبہ مکمل قرآن کریم کی تلاوت کا ثواب ملے گا... اور اگر ہر روز بیس مرتبہ سورہ اخلاص کی تلاوت کریں گے تو ایک مہینے میں 600 دفعہ اور ایک سال میں 7200 دفعہ تلاوت کر لے جائیں گے جس سے آپ 2400 مرتبہ مکمل قرآن کریم کی تلاوت کا ثواب حاصل کر سکتے ہیں.

(3) آپ ایک منٹ میں قرآن پاک کے ایک صفحے کی تلاوت کر سکتے ہیں یا ایک چھوٹی سی آیت کو حفظ کر سکتے ہیں.
(4) ایک منٹ میں آپ سو بار "سبحان الله وبحمده"پڑھ سکتے ہیں جس سے آپ کے تمام صغیرہ گناہ معاف کر دئے جائیں گے خواہ وہ سمندر کے جھاگ کے برابر ہی کیوں نہ ہوں.
(5) ایک منٹ میں آپ پچاس بار "سبحان الله وبحمده سبحان الله العظيم" کہہ سکتے ہیں جو زبان پر بولنے کے اعتبار سے بہت ہلکے, میزان حسنات میں کافی وزنی اور اللہ کے نزدیک محبوب ترین کلمات ہیں.(کما فی البخاری مسلم)
(6) ایک منٹ میں آپ چالیس مرتبہ "لا حول ولا قوة إلا بالله العلي العظيم" کہہ سکتے ہیں جو جنت کے قیمتی خزانوں میں سے ایک خزانہ ہے.
(7) اپ ایک منٹ میں پچاس دفعہ "صلى الله عليه وسلم" کہہ کر اللہ کے رسول پر درود و سلام بھیج سکتے ہیں جس کے بدلے میں اللہ تعالیٰ آپ پر 500 بار درود بھیجیں گے.
(8) ایک منٹ میں آپ کسی علمی کتاب کے دو سے زائد صفحات پڑھ سکتے ہیں...یا بذریعہ فون کسی رشتہ دار کی خیریت معلوم کر کے صلہ رحمی کا فریضہ انجام دے سکتے ہیں...یا ہاتھ اٹھا کر اللہ رب العالمین سے کوئی جامع ترین دعا مانگ سکتے ہیں... یا متعدد لوگوں کے ساتھ سلام ومصافحہ کر سکتے ہیں...

(9) ایک منٹ میں آپ لوگوں کو کسی برے کام سے روک سکتے ہیں اور اچھے کام کا حکم دے سکتے ہیں...یا اپنے کسی بھائی کو قیمتی نصیحتوں سے نواز سکتے ہیں...یا کسی مہموم ومغموم اور پریشان حال شخص کی غم خواری اور داد رسی کر سکتے ہیں... یا راستے سے کسی تکلیف دہ چیز کو ہٹا سکتے ہیں.

(10) ایک منٹ میں آپ پچاس بار "لا إله إلا الله" کہہ سکتے ہیں جو کہ کلمہ توحید وکلمہ تقوی و طیبہ ہے... یا سو دفعہ "استغفر الله" کہہ کر اللہ غفور و رحیم سے توبہ واستغفار کر سکتے ہیں...یا آپ اٹھارہ بار "سبحان الله والحمد لله والله أكبر ولا حول ولا قوة إلا بالله" کہہ سکتے ہیں جو اللہ کے رسول صل اللہ علیہ و سلم کے نزدیک دنیا کی تمام چیزوں سے زیادہ محبوب ہے...(کما فی صحیح مسلم)...یا کسی عالم دین سے کسی دینی مسئلے کا حل معلوم کر سکتے ہیں...یا والدین کی کوئی چھوٹی سی خدمت کر سکتے ہیں...

ان امور کے علاوہ بھی بہت سارے خیر کے کام ہیں جنہیں آپ بغیر کسی مشقت و پریشانی کے ایک منٹ میں کر سکتے ہیں اور دنیا و آخرت کی کامیابی سے ہمکنار ہو سکتے ہیں اللہ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں صحیح باتیں سیکھنے اور ان پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے آمین.

(مستفاد میں مطویات الشیخ محمد بن ابراہیم الحمد)
 
Top